قاہرہ(این این آئی)مصر میں حکام نے بچوں کی آن لائن خرید وفروخت کے ایک لرزہ خیز دھندے کا انکشاف کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصرمیں ایک ویب سائٹ پر پوسٹ ایک اشتہار میں پورے دھڑلے کے ساتھ کہا گیا کہ ہمارے پاس ہرعمر کے بچے برائے فروخت موجود ہیں۔ بچوں کو گود لینے یا ان کی خرید وفروخت کے خواہش مند حضرات بچوں کے لیے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس خبر کے منظرعام پر آنے کے بعد پورے مصری معاشرے میں سراسیمگی اور صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔بچوں کی خریدو فروخت میں ملوث ویب سائٹ کی جانب سے نو مولود، شیر خوار اور مختلف عمر کے گم نام بچوں کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم ایک عمر کے بچے بچیوں، ان کی جلد کی رنگت، طبی حالت، بالوں اور آنکھوں کی رنگ، نر اور مادہ کی یکساں قیمت مقرر کی گئی ہے۔