پشاور(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک نے کہا ہے کہ قوم کی دولت لوٹنے والے اب عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیںمگر وہ عوام کے احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔عوام2018 ء کے انتخابات میں ان کرپٹ حکمرانوں کوہمیشہ ہمیشہ کے لیے مسترد کردیں گے۔ عوام باشعور ہیں وہ روٹی کپڑا مکان، پختون کے جھوٹے نعرے لگانے والوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ سابق سیاست دان صرف الیکشن کے دنوںمیں عوام کو نظر اتے ہیں۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد وہ عوام کو بھول کر اقتدار کے مزوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ جبکہ ہمار ارابطہ سارا سال عوام کے ساتھ رہتا ہے ہم عوام میں رہ کرعوام کی سیاست کرتے ہیںاور کارکردگی کی بنیاد پر 2018 کے انتخابات میں میدان میں اتریں گے ۔ اے این پی ، پی پی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوںاور سیاسی مولو یوںں کا دور گزر چکا ہے۔ تحریک انصاف کے جنون کا مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں ۔جیت تحریک انصاف کی ہوگی اور پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری سابق امیدوار پی کے13 فاروق ایڈوکیٹ کے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوںسمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ رشوت، کرپشن اور دیگر غیر شرعی اور غیر قانونی طریقے سے حرام خوری ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکی ہے جس کو لگام دیئے بغیر خوشحال معاشرے کا قیام کبھی بھی ممکن نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈاگئی جدید میں پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری سابق امیدوار پی کے13 فاروق ایڈوکیٹ، شیر افضل خان، امجد ٹھیکیدار کے پورے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب اورجامعہ دارالعلوم الاسلامیہ اضاخیل بالا میں جامعہ کی نئی عمارت اور فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، تحصیل ناظم احد خٹک، اسحاق خٹک کے علاوہ جامعہ کے مہتمم شیخ الحدیث سید نثار اﷲ بادشاہ اور جامعہ کے اساتذہ کرام نے تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جامعہ کے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے۔