پی ایس ایل تھری، افتتاحی تقریب میں عابدہ پروین اور امریکی گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے

Feb 11, 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے سیزن کی افتتاحی تقریب 22 فروری کو دبئی میں ہوگی جہاں مشہور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور امریکی اسٹار جیسن ڈیرلو رنگا رنگ تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں تقریب میں شامل گلوکاروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں علی ظفر اور شہزاد رائے کا نام بھی ہے۔علی ظفر نے گزشتہ برس بھی پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گایا تھا اور تیسرے سیزن میں بھی انھی کی آواز شامل ہے۔پی سی بی کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رات 8 بجے شروع ہونے والی تقریب میں آتش بازی کے علاوہ دیگر دلچسپ پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ دفاعی چمپیئن پشاور زلمی اور نئی ٹیم ملتان سلطان کے درمیان ہوگا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے جو دبئی، شارجہ اور لاہور میں ہوں گے جبکہ 25 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں پلے آف سے پہلے گروپ کی سطح پر ایک دوسرے سے دو، دو میچ کھیلیں گی جہاں سے چار ٹیمیں پلے آف میں چلی جائیں گی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کا پہلا ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلا گیا تھا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے افتتاحی چمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔گزشتہ سال کھیلے گئے ٹورنامنٹ کا فائنل پہلی مرتبہ لاہور میں کھیلا گیا تھا جہاں ڈیرن سیمی سمیت کئی مشہور کھلاڑی پاکستان میں آئے تھے جس کے بعد جنوبی افریقی کپتان فیف ڈیوپلیسی اور ہاشم آملہ سمیت نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون نے دورہ کیا تھا اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی تھی۔بعد ازاں سری لنکا کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے لاہور آئی تھی اور اب پی ایس ایل کے پلے آف کے میچز لاہور اور فائنل کراچی میں رکھا گیا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔

مزیدخبریں