لاہور (سپورٹس رپورٹر )جنوبی افریقہ کے سابق مشہور کرکٹر جونٹی رہوڈز کو مائیکل سلیٹر کی جگہ پاکستان سپرلیگ 2019 ء کے لیے کمنٹری ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جس پر انہوں نے پاکستان اور دبئی جانے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کااظہار کیا۔پی ایس ایل اعلامیہ کے مطابق مائیکل سلیٹر ذاتی وجوہات کے باعث اس مرتبہ کمنٹری نہیں کریں گے جس کے بعد جونٹی رہوڈز کو شامل کیا گیا ہے۔جونٹی رہوڈز نے 90 کی دہائی میں بہترین فیلڈنگ سے دنیا میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں میں اضافہ ہوا تھا اسی طرح پاکستان میں بھی وہ اپنی صلاحیتوں کے باعث کرکٹ شائقین میں مقبول ہیں۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کمنٹری کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جونٹی رہوڈز نے کہا کہ ‘پاکستان کے مختلف دوروں میں بہترین یادیں ہیں اس لیے آپ تصور کرسکتے ہیں میں پی ایس ایل 2019 کی کمنٹری ٹیم میں شامل ہونے کے لیے متحدہ عرب امارات اور پاکستان جانے کے لیے کتنا پرجوش ہوں۔کیریئر کے دوران وہاں میں نے کھیلنے علاوہ کوچنگ کی، میں جانتا ہوں کہ اس ملک میں کتنا پرجوش ٹیلنٹ ہے اور ایونٹ اور کھلاڑیوں کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔خیال رہے کہ جونٹی رہوڈز بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد کوچنگ، کمنٹری اور براڈ کاسٹنگ میں مختلف عہدوں پر کھیل سے جڑے ہوئے ہیں۔جونٹی رہوڈز 21 فروری کو شارجہ میں پی ایس ایل 2019 کے پہلے راونڈ میں شامل ہوں گے اور پاکستان میں ہونے والے میچوں سمیت ٹورنامنٹ کے اختتام تک کمنٹری ٹیم کا حصہ رہیں گے۔
پاکستان سے بہت سی یادیں وابستہ، کمنٹری کیلئے پر جوش ہوں: جونٹی رہوڈز
Feb 11, 2019