لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی انٹرنیشنل خاتون سائیکلسٹ صبیحہ زاہد 27 سال کی عمر میں کینسر کے موذی مرض کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔ صبیحہ زاہد چار مرتبہ کی نیشنل چیمپئن اور ساوتھ ایشین سلور میڈلسٹ چار سال سے پاکستان کی ناقابل شکست چیمپئن رہی ہیں۔ دو ماہ قبل صبیحہ زاہد نے بیماری کی حالت میں آرمی ٹیم کی جانب سے لاہور میں منعقد ہونے والی نیشنل ٹریک چیمپئن شپ میں نہ صرف شرکت کی بلکہ چیمپئن کی بہترین سائیکلسٹ کا اعزاز حاصل کرنے کے علاوہ اپنی ٹیم کو بھی چیمپئن شپ کی چیمپئن بنوایا۔ صبیحہ زاہد کو سوگواروں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں ہری پور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ سمیت پاکستان آرمی سائیکلنگ ٹیم کے آفیشلز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر کوکب ندیم وڑائچ، سیکرٹری سید اظہر علی شاہ، پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر معظم خان کلیئر، آرمی سائیکلنگ ٹیم کے انچارج نادر، خیبر پی کے سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد نے صبیحہ زاہد کی وفات کو پاکستان سائیکلنگ کا ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ اﷲ تعالٰی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امین
کینسر میں مبتلا خاتون سائیکلسٹ صبیحہ زاہد انتقال کر گئیں
Feb 11, 2019