لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت سے عوام کی امیدیں اور توقعات پوری نہیں ہوسکیں ۔ حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے ، ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ عوام کی مایوسی میں دن بدن اضافہ ہورہاہے ۔ اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ زیادہ دیر ان حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی مارچ میں رابطہ عوام مہم شروع کر رہی ہے موجودہ ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام میں ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں ناظمین شعبہ جات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اظہر اقبال حسن بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی اور چھ ماہ میں ہی حکومت کی مقبولیت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے 31 مارچ تک ملک بھر میں رابطہ عوام تحریک شروع کر رہی ہے ۔ رابطہ عوام تحریک میں جماعت اسلامی کے کارکنان ڈو رٹو ڈور لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے ۔
حکمران عوام کی توقعات پر پورا نہیںاترسکے:لیاقت بلوچ
Feb 11, 2019