اسلام آباد/ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پڑھتی ہوئی مہنگائی اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطوں کیلئے مسلم لیگ (ن) کی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانے پر اتفاق ہوا۔ نواز شریف نے مہنگائی سے پریشان عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر غربت، مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے آواز اٹھائی جائے۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، مہنگائی اور عوام کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو پناہ گاہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کے گھروں پر قبضہ افسوسناک اور منفی روایت ہے۔ عوام کو روٹی روزگار اور کاروبار کے لالے پڑے ہیں، حکمران انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
شہباز شریف کی ملاقات، مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے آواز اٹھائیں: نواز شریف
Feb 11, 2020