اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مہنگائی پر سیاست کرنی والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کا بے حد احساس اور درد ہے وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ پیر کو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ادارے ملک کی خیر خواہ اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں ۔ مولانا فضل الرحمن کی بہکی بہکی باتیں ان کی مایوسی کا واضح اظہار ہیں اور محسوس ہوتا ہے کہ آزادی مارچ کی ناکامی کا صدمہ مولانا فضل الرحمن برداشت نہیں کر پا رہے ۔ انہیں اپنے کارکنان کی توانائیاں مزید ضائع کرنے کی بجائے 2023 تک آرام کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی جبکہ فضل الرحمان کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں ، فضل الرحمان ایک سیٹ کی خاطر کیوں خود کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی اداکار چورن بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مولانا صاحب کو مشورہ ہے کہ اب نیا ترانہ بنائیں کہ ’’مولانا جا رہا ہے۔ عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں‘ سیاسی انتشار پھیلانے والا ٹولہ 2023 تک انتظار کرے۔ عوام بارہویں کھلاڑی کی باتوں میں نہیں آنے والے۔ وہ لوگ جنہیں عوام مسترد کر چکی وہ پہلے منتخب ہوں پھر کوئی مطالبہ کریں۔ گزشتہ حکمران عوام کے رئیل اسٹیٹ کا سرمایہ ہڑپ کر گئے۔ منتخب حکومت گرانے کی کوشش بغاوت کے مترادف ہے۔
اپوزیشن لوٹی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی ریلیف مل سکتا ہے: فردوس عاشق
Feb 11, 2020