مہنگائی: 18 ارب کا ریلیف پیکج آج، آٹا، چینی، گھی، چاول، دالیں 25 فیصد تک سستی ہونگی

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا حکومت نے آٹے، چینی، دالوں اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو خلاف ’’کریک ڈائون‘‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کو مشکلات کا شکار کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیراعظم کا مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے15سے 18 ارب روپے تک کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں اور مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ جہانگیر ترین کا حالیہ آٹا بحران میں کوئی کردار نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشیرخزانہ عبد الحفیظ تبدیل ہو رہے ہیں اور نہ ہی گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کو تبدیل کیا جا رہا ہے وہ بہترین کام کر رہے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ئوں نے بھی شرکت کی تھے۔ اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے سے متعلق تجاویز اور مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ حکومتی معاشی ٹیم مہنگائی کے اعداد و شمار، حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے مشیر خزانہ کو موثر اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد کو تیز تر کیا جائے۔ اجلاس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ڈالے جانے کے فیصلے کا دفاع کرنے کے بیانیہ تیار کیا گیا۔ اجلاس میں میڈیا پر حکومتی بیانیے کی موثر طور پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ترجمانوں کو حکومتی پالیسیوں موثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی و عالمی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر ترجمانوں کوگائیڈ لائن دی اور اپوزیشن کے پراپیگنڈہ کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں سے مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں کے بعد ان کی شکایات کا ازالہ ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ترجمانوں کو بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر شدید بیمار ہیں۔ شبر زیدی میری درخواست پر صرف چھ ماہ کیلئے آئے تھے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی کے لئے18 ارب کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عام شہریوں کو یوٹیلٹی سٹور سے سستی اشیاء ملیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بیک ٹوبیک اہم اجلاس ہوئے، وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی سے متعلق بڑے فیصلے کر لئے ہیں۔ کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کوضلعی سطح پرانتظامیہ سے مانیٹر کیا جائیگا اور50 ہزار رجسٹرڈ تندوروں پر سستا آٹا بھی فراہم کیا جائیگا، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے بڑے ریلیف پیکج کی منظوری کی تصدیق کر دی ہے۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پہلے بھی 7ارب کا ریلیف پیکج دے چکے ہیں،18 ارب روپے کاریلیف پیکج الگ سے دیاجا رہا ہے اور 15ہزار رجسٹرڈ تندوروں کو سپورٹ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کر رکھا ہے کہ مجھے مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے، میری حکومت آج منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔ عوام کو ریلیف یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے دیا جائے گا، گھی، دالیں، چینی، چاول اور آٹا 10 سے 25 فیصد سستا ہوگا، سستے تندوروں کی تعداد 50 ہزار تک کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عوام کو یہ ریلیف یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کھانے پینے کی مختلف چیزوں پر دیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا مہنگائی کم کرنے کے لیے 15 سے 18 ارب روپے کا پیکج لانے کا ارادہ ہے جس کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کو اشیائے خور و نوش ذخیرہ کرنے لیے 10 ارب روپے فوی طور پر جاری ہوں گے۔ فروری سے جون 2020 تک ہر ماہ یوٹیلٹی سٹورز کو 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور ملک بھر کے 7 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء دستیاب ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ 18 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری منگل کو ہونے والے اجلاس میں دے گی۔ پہلا پیکج جون تک ہوگا، جولائی میں نیا پیکج آئے گا، چاول، تین سے چار قسم کا آئل اور گھی اور آٹا یوٹیلٹی سٹورز پر سستا ملے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 2 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کوئی غریب مہنگائی کی وجہ سے تنگ نہ ہو، وفاقی حکومت ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح پر کمیٹیاں بنائے گی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ سستے تندوروں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار تک کی جائے گی، وفاقی حکومت سستے تندوروں کو ادھار آٹا فراہم کرے گی جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلوآٹے کا تھیلا 800 روپے میں ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری گندم اور چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے تاہم انہوں نے منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں عوام کی ریلیف کے لیے اہم فیصلے کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی 83 سے 86 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے اورادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں چینی 18 روپے فی کلو سے زائد مہنگی ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت ترک صدر کے دورہ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی واضح حمایت پر ترکی لائق تحسین ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت ہر شعبے میں تعلقات کا فروغ چاہتی ہے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ترک صدر کا دورہ اہم سنگ میل ہو گا، طے پانے والے معاملات پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ معاہدوں پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے سیکرٹریز کو ہدایات کی کہ طے پانے والے معاملات پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دی جائے، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ معاہدوں پر پیشرفت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے تمام معاہدوں کی رپورٹس کیلئے وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کو ذمہ داری سونپ دی ہے اور طے پانے والے معاہدوں کی میں پیشرفت کیلئے ہر ماہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے سابق سنیٹر ہارون اختر اور اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ہارون اختر نے معاشی حقائق سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ہارون اختر نے کہا کہ ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ ہارون اختر نے کہا کہ معیشت کے کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں ہورہی، روپے کی قدر گرانے کے باوجود ایکسپورٹ نہیں بڑھ سکیں۔ مہنگائی بڑھنے سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ نہیں ہوا۔ وزیراعظم کو معیشت کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی جارہی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...