وزیراعظم بن کر بھی اتنے پرسکون ہیں، رچی رچرڈسن: سپورٹس مین ہوں، عمران: سابق کرکٹرزکی ملاقات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے کرکٹر ذاکر خان کی قیادت میں سابق کرکٹرز نے ملاقات کی جس میں پاکستان کرکٹ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کرنے والوں میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر رچی رچرڈسن، سابق کیوی فاسٹ باؤلر ڈینی موریسن، سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ شامل تھے۔ عمران خان سے سابق کرکٹرز نے ایک گھنٹہ تک خوشگوار ماحول میں گپ شپ کی۔ سابق کرکٹرز ورلڈ کپ 1992ء کی یادوں سمیت ماضی کے واقعات کو یاد کرتے رہے۔ عمران خان نے رچرڈسن سے ویسٹ انڈیز کرکٹ کے زوال پر گفتگو کی۔ رچی رچرڈسن نے عمران خان سے سوال کیا کہ ملک کے وزیراعظم بن کر بھی اتنے پرسکون ہیں۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ سپورٹس مین نہ ہوتا تو اتنے دباؤ میں کبھی پرسکون نہ ہوتا۔ اپنے کیریئر کے دوران بھی دباؤ کو برداشت کرکے کامیاب رہا۔ عمران خان نے فاسٹ باؤلر ڈینی موریسن سے کیوی کرکٹ پر بھی گپ شپ کی۔

ای پیپر دی نیشن