لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتارخواجہ برادران کیخلاف وعدہ معاف گواہ قیصرامین بٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جوادالحسن نے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی ۔ آج عدالت نے خواجہ برادران کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو طلب کر رکھا تھا۔ تاہم قیصرامین بٹ نےعدالت میں درخواست دی کہ وہ بیماری کے باعث پیش نہیں ہوسکتے جس کے بعد عدالت نے قیصر امین بٹ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔عدالت نے آئندہ سماعت میں قیصرامین بٹ کو گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی کارروائی 24 فروری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ11 دسمبر 2018 کولاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔