رملہ(صباح نیوز)قابض صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہا ، اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 20 فلسطینیوںکو حراست میں لے لیا گیا ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے القدس اور غرب اردن سے مزید متعدد فلسطینی گرفتار کرلیے، جس کے بعد حراست میں لیے گئے فلسطینیوںکی تعداد 20 ہوگئی، ان میں ایک لڑکی، ایک خاتون اور مسجد اقصیٰ کے متعدد نمازی بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شہروں قلقیلیہ، نابلس، ر ملہ، البیرہ، الخلیل، اریحا اور القدس سے 20 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میںڈال دیا ہے۔کلب برائے اسیران کے مطابق الخلیل شہر سے اسرائیلی فوج نے چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کی شناخت 24 سالہ سیف کساب ابو دیہ، 22 سالہ عبدالناصر ابو ماریہ،21 سالہ حسان آدم اخلیل اور 16 سالہ مومن حسن الطیط کے ناموں سے کی گئی اور یہ سب سابق اسیران ہیں۔