کمبوڈیا:معذور ہاتھی کو نئی زندگی مل گئی

Feb 11, 2020 | 17:43

ویب ڈیسک

 جال میں پھنس کر اپنے ٹانگ سے محروم ہونے والے ہاتھی کو محکمہ جنگلی حیات نے مصنوعی ٹانگ لگاکر نئی زندگی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشائی ملک کمبوڈیا میں ایسے ہاتھی کی دل دہلا دینے والی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جو دو سال کی عمر میں جال میں پھنسے کے باعث ایک ٹانگ سے محروم ہوگیا تھا۔

محکمہ جنگلی حیات کمبوڈیا کو مذکورہ ہاتھی دو سال کی عمر میں جنگل میں شدید غذائی قلت کے باعث انتہائی تشویش ناک حالت میں ملا تھا جس کی ایک ٹانگ بھی کٹی ہوئی تھی۔

محکمہ جنگلی حیات کے ترجمان نے بتایا کہ چھوک نامی ہاتھی کو شیلٹر ہوم لایا گیا جہاں اس کی دیکھ بھال کی گئی اور اسے مصنوعی ٹانگ بھی لگائی گئی، جس کے بعد اسے ایک نئی زندگی مل گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ٹانگ کافی آرام دہ ہے اور چھوک کو بہت پسند ہے اگر کبھی نہ لگاؤ تو وہ ناراض ہوجاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہاتھی کو شیلٹر ہوم لانے کے بعد اس کی ٹانگ کے زخم کی مرہم پٹی کی اور خراب ٹشو کو نکال دیا تاکہ اس کی ٹانگ جلد ٹھیک ہوسکے۔

ہاتھی کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کا کہنا ہے کہ ہاتھی مصنوعی اعضاء کا اتنا عادی ہے کہ اگر اسے پہننے سے روکا گیا تو وہ ‘بے چین’ ہوجاتا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق چھوک کمبوڈیا کا پہلا ہاتھی ہے جسے مصنوعی ٹانگ لگائی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہاتھی کی متاثرہ ٹانگ کا دن میں دو بار معائنہ کیا جاتا ہے کہ کہیں کوئی زخم نہ ہوجائے۔

مزیدخبریں