لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور مہمان جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہو گا۔دونوں ٹیمیں پانچ بجے سٹیڈیم پہنچیں گی اور ساڑھے پانچ بجے ٹاس ہو گا۔پاکستان ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کرنے کیلئے بے قرار ہے مگر مہمان ٹیم بھی پلٹ وار کرنے کیلئے تیارہے۔مختصر فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کا پاکستان کیخلاف پلڑابھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان چودہ میچز ہوئے، جن میں سے آٹھ میں پروٹیز نے میدان ماراجبکہ چھ پاکستان نے جیتے۔ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، قومی ٹیم نے پاکستان میں اٹھارہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے، جن میں سے سولہ میں فتح گرین شرٹ کے نام رہی جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔شاہینوں نے پاکستان میں کھیلتے ہوئے گزشتہ پانچ ٹی ٹونٹی میں مسلسل کامیابی حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقہ آخری چار ٹی ٹونٹی مقابلے میں کوئی میچ اپنے نام نہیں کرسکا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹی ٹونٹی ٹیمیں لاہور میں موجود ہیں ، دونوں ٹیموں نے گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کیا، مہمان ٹیم نے انٹرا سکواڈ ٹارگٹ بیس سے خامیاں دور کیں۔کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس کے علاوہ فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس میں پسینہ بہایا۔گزشتہ روز سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں دونوں ٹیموں کے سکواڈ ز نے شرکت کی ۔ کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کیا ۔ذرائع کے مطابق پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راونڈر فہیم اشرف کو آرام دینے کا امکان ہے ۔ فاسٹ بائولر حسن علی، حارث روف اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا جائیگا جبکہ بابر اعظم، حیدر علی، محمد رضوان کو کھلانے کی تجویز ہے۔ممکنہ پلیئنگ الیون میں افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد بٹ اور حسین طلعت کے نام بھی زیر غور ہیں ۔سپنرز میں محمد نواز اور عثمان قادر کے نام شامل ہیں۔حتمی الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائیگا۔
پہلا ٹی تونٹی میچ،پاکستان،جنوبی افریقہ،آج مقابل،ٹرافی کی تقریب رونمائی
Feb 11, 2021