کرونا مزید51اموات 27ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز ویکسن لگ گئی بے قاعدگیاں ہوئیں اسد عمر

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں 27228فرنٹ ہیلتھ ورکرز کی کرونا ویکسی نیشن ہو گئی۔ سب سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سندھ میں ہوئی۔ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی ہوئی، این سی او سی ویکسی نیشن سٹرٹیجی پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ بدھ کو وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کرونا کی صورتحال، حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اسد عمر نے کہا کرونا ویکسی نیشن میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی ہوئی، بے قاعدگیوں کی نشاندہی نمز نے کی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں 27228 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن ہو چکی، سب سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن سندھ میں ہوئی، سندھ میں 21121، پنجاب 4458، کے پی میں 691، اسلام آباد میں 274 ہیلتھ وکرز کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان 312 ہیلتھ ورکز، بلوچستان میں 133 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن ہوئی۔ بحرین میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث آج جمعرات سے مساجد بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بحرین کی وزارت انصاف و اسلامی امور نے مساجد بند کرنے کے ساتھ مذہبی پروگرام بھی  2 ہفتوں کے لیے معطل رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکہ میں مہلک کرونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اموات کی تعداد چار لاکھ 79 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ یورپ کی معمر خاتون کرونا کیخلاف جنگ جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ فرانسیسی سسٹر لوس ایذڈن آندرے آج اپنی 117 ویں سالگرہ منائیں گی۔ وہ 16 جنوری کو کرونا کا شکار ہوئی تھیں۔

ای پیپر دی نیشن