لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر+ وقائع نگار+ نامہ نگار) سابق صدر آصف علی زرداری نے سرکاری ملازمین پر تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ کی مذمت کی ہے۔ آصف زرداری نے کہا ہے کہ ڈی چوک اسلام آباد کا منظر دیکھ کر شدید تکلیف ہوئی۔ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والوں سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کیا جائے ۔عمران خان عوام کے استحصال کے سوا کچھ نہیں کر سکتا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے سے انہیں تکلیف کیوں ہو رہی ہے۔ سرکاری ملازمین کے معاشی استحصال سے ملک ترقی نہیں کرے گا۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے سرکاری ملازمین پر تشدد پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کیلئے سرکاری ملازمین پے بے رحمانہ تشدد بند کرو۔ سرکاری ملازمین دشمن نہیں اپنا حق مانگنے والے غریب پاکستانی ہیں۔ سرکاری ملازمین کی قربانیاں پاکستان میں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور، کمشن خور حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔ تین سال میں ظالم حکومت نے عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان و مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری کا سرکاری ملازمین پر آنسو گیس اور گرفتاریوں کی مذمت کی اپنے الگ الگ بیانات میں ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار اوچھے ہھتکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے کہاکہ احتجاج اور مظاہرہ ہر کسی کا حق ہے۔ تبدیلی سرکار نے لوگوں کو نان شبینہ کیلئے محتاج کردیا ہے۔ ملازمین کے مسائل کو سن کر حل کیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان کی مظاہرین کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی۔ بلاول بھٹو نے سرکاری ملازمین کے احتجاج اور مطالبات کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سلیکٹڈ حکومت ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے‘ گرفتار ملازمین کو رہا کیا جائے۔ غریب ملازمین کے مطالبات سننے کے بجائے ان کے خلاف طاقت کے استعمال کا سہارا لیا۔ مرکزی نائب صدر اے این پی امیر حیدر ہوتی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ پورا ہونا چاہئے۔ پچاس پچاس کروڑ کی سیاسی رشوت کی بجائے سرکاری ملازمین پر توجہ دینی چاہئے۔ سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا حکومت ہوش کے ناخن لے اور فی الفور محنت کشوں کو رہا کیا جائے۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے بزرگ ملازمین پر شیلنگ کے ردعمل میں کہا ہے کہ سرکاری ملازمین اندھے بہرے گونگے حکمرانوں تک اپنے جائز مطالبات پہنچانے کیلئے شاہراہ دستور آئے لیکن فسطائیت زدہ حکمرانوں نے بجائے مطالبات پر کان دھرنے کے جواب لاٹھیوں اور شیلنگ سے دیا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور پیپلز لیبر بیورو کے مرکزی انچارج چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین پر ظلم اور تشدد بند کرے۔ کٹھ پتلی حکمران تو مودی سے بھی بڑے فاشسٹ ہیں۔
تبدیلی رکار اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر ائی، ملازمین پر تشدد قابل مذمت: اپوزیشن رہنماء
Feb 11, 2021