امریکہ باہمی مسائل حل کرنے کیلئے نئے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے،ایران

Feb 11, 2021

تہران (شِنہوا)ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے  امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی مسائل حل  کرنے کے لئے نئے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے۔سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق بدھ کو جواد ظریف نے کہا کہ واشنگٹن میں نئی حکومت کاآنا اس بات کا موقع ہے کہ باہمی مسائل کو حل کرنے کے ایک نئے طریقہ کو آزمایاجائے۔ایرانی وزیر خارجہ نے وائٹ ہائوس پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائے اس سے پہلے کہ یہ موقع تیز رفتاری سے  ہاتھ سے نکل جائے۔2018 میں ایرانی جوہری معاہدے،مشترکہ جامع عمل منصوبے (جے سی پی او اے) سے امریکہ کے یکطرفہ انخلا کے حوالے سے ایران کے گزشتہ مہینوں میں سامنے آنے والے  ردعمل  کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بصورت دیگر، ایرانی حکومت کو جلد ہی نئے معاون اقدامات اٹھانا ہوں گے۔انہوں نے  جوہری معاہدے  پر دستخط کرنے والے  امریکہ اور یورپی ممالک  پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے کے تحت طے شدہ ایرانی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ایران نے دھمکی دی ہے کہ اگر جے سی پی او اے کے فریق اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتے  تو ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے اضافی پروٹوکول پر عمل درآمد روک دے گا۔

مزیدخبریں