ملتان ( نیوز رپوٹر )ریلوے ملازمین نے مطالبات منوانے کے لئے ایک بار پھر احتجاجی تحریک شروع کر دی ، ریلوے اسٹیشن پر ریلوے مزدور محاذ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا - مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ریل کا پہیہ جام کرنے کی دھمکی بھی دے دی - تفصیلات کے مطابق ریلوے کی مجوزہ نجکاری ، تنخواہوں و مراعات میں اضافے اسلام آباد میں جاری سرکاری ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے حق میں ریلوے مزدور محاذ نے ملتان ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے - احتجاج میں شریک ریلوے مزدور محاذ کے مرکزی رہنماؤں سید سلیم چشتی ، اجمل چوہدری و دیگر کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کی تمام کیٹیگریز کی منصفانہ اپ گریڈیشن کی جائے ، ہر ملازم کو کم سے کم 5 ہزار مہنگائی الاؤنس دیا جائے ، گروپ انشورنس کا اطلاق ریٹائرڈ ملازمین پر بھی کیا جائے ، گینگ مینوں کو ٹیکنیکل الاؤنس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ سگنل سٹاف سے قوانین کے مطابق 8 گھنٹے ڈیوٹی لی جائے ، زیادہ ڈیوٹی کی صورت میں اوور ٹائم کی ادائیگی کی جائے جبکہ اس موقع پر اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ ریلوے مزدور محاذ کے رہنماؤں نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ریل کا پہیہ جام کرنے کی دھمکی بھی دی ادھر ڈی ایس دفتر کے مرکزی دروازے پر گزشتہ برس کا ایک نوٹس آویزاں کر دیا گیا جس میں کسی بھی ایسے ملازم جس کا تعلق ڈی ایس دفتر سے نہیں ہے اسکا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔
ریلوے ملازمین نے مطالبات منوانے کیلئے پھر احتجاجی تحریک شروع کر دی
Feb 11, 2021