شوباز حکمرانوں نے زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، فردوس عاشق

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شوباز حکمرانوں نے زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، بزدار حکومت نے زراعت کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت میں پنجاب کی پہلی زرعی پالیسی منظور کی گئی ،وزیراعظم عمران خان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی، کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے 300ارب روپے کے منصوبوں کا آغاز کیا گیا، ماڈل زرعی منڈیوں کے قیام کیلئے 21ارب 27 کروڑ روپے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کونسل کے تحت مختلف فصلوں کی102 نئی اقسام کاشت کیلئے منظور ی گئی ہیں، کاشتکاروں کو61ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مالی سال2020-21کے دوران 70ہزار خواتین اور مزارعین کو بلا سود قرض کی فراہمی کی گئی ، بارانی علاقوں میں 25 منی ڈیمز کی تعمیر مکمل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شوباز حکمرانوں نے جان بوجھ کر زرعی صوبے کی زراعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، انشااللہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کاشتکار کو اسکی محنت کا پھل اور زرعی اجناس کی وافر پیدوار کے حوالے سے پنجاب کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن