لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے پولیس ریفارمز کے اجلاس میں پنجاب پولیس ریفارمز سے متعلق ٹی او آرز جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری اور متعلقہ سول و پولیس افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس نے پولیس آرڈر 2002 ء میں ترمیم کی سفارشات کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو 10 روز کے اندر ابتدائی سفارشات پیش کرے گی۔ ذیلی کمیٹی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری پراسکیوشن، سپیشل سیکرٹری ہوم، ایک ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل پولیس اور ایس پی پر مشتمل ہوگی۔ وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پولیس ریفارمز کا مقصد اختیارات میں کمی یا اضافہ کرنا نہیں بلکہ سروس ڈیلیوری بہتر بنانا ہے۔ پولیس آرڈر میں 20 سال بعد تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تھانہ کلچر میں بہتری لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چھوٹے افسروں کی ترقی میں رکاوٹیں دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت میں چھوٹے رینکوں پر ترقی کی رفتار تیز کی گئی ہے۔ تفتیشی نظام کی کمزوریاں دور کرکے کی عدالتوں سے سزا کی شرح میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صنفی بنیاد پر جرائم کی روک تھام، مقدمات کے اندراج اور تفتیش میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ضابطہ فوجداری اور دیگر متعلقہ قوانین میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔