: اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان اور’ نیدرلینڈز‘ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے نویں دور کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود جبکہ نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کے سیکریٹری جنرل جناب پال ہوئیٹس نے اپنے اپنے وفد کی قیادت کی۔ دونوں اطراف نے سیاسی، معاشی، تجارتی وسرمایہ کاری، ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم وثقافت سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لینے کے علاوہ علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوطرفہ تعلقات میں مسلسل بڑھتوری کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اطراف نے مختلف شعبوں میں مثبت رفتار مزید بڑھانے اور اس میں تسلسل کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے پچھتر سال مکمل ہونے کے موقع کو بھرپور انداز میں منانے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان کے ’جیواکنامکس‘ پر توجہ مرکوز ہونے کو اجاگرکرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈچ کمپنیاں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیز کے نتیجے میں پاکستان میں پیدا ہونے والے سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھائیں گی۔ سیکریٹری خارجہ نے افغانستان سے انخلائ کی کارروائیوں میں سہولت کاری کے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے افغانستان میں امن وسلامتی کی تقویت کے لئے عالمی برادری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے انسانی بحران اور معاشی انحطاط سے بچا?کے لئے افغان عوام کی فوری مدد پر زوردیا. سیکریٹری خارجہ نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اور یک طرفہ اقدامات اور غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ سیکریٹری خارجہ نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے نبردآزما ہونے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے حل کے لئے عالمی برادری کے کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکریٹری جنرل نے افغانستان سے انخلائ کی کارروائیوں میں پاکستان کی مدد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس ضمن میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات استوار ہیں۔ نیدرلینڈز پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری رکھنے والا ملک اور اہم تجارتی شراکت دار ہے۔