حکومت دالوں بچوں کے دودھ ادویات روزمرہ کی اشیاء پر جی ایس ٹی ختم کرے شجاعت

 لاہور (خصوصی نامہ نگار ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام پارٹیوں کے لیڈروں سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ سب سے میری ایک ہی گزارش ہے کہ سیاسی معاملات صرف میٹنگز کی حد تک ہی نہ رکھیں بلکہ سب مل کر عوام کیلئے ایک ایسا منصوبہ بنائیں جس سے عوام کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی غریبوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، حکومت نے حال ہی میں نئے ٹیکس لگائے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ حکومت کیلئے ٹیکس لگانا معمول کی بات ہے مگر ٹیکس لگاتے وقت عام اور غریب آدمی کے استعمال میں آنے والی چیزوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔ دالیں، بچوں کا دودھ، لائف سیونگ ادویات اور دیگر روز مرہ کی ضروری اشیاء کو جی ایس ٹی سے نکال دینا چاہئے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی پالیسیاں عوام پر اثرانداز ہوتی ہیں، سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے عملی منصوبے بنانا ہوں گے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اختیار میں ہے کہ دالوں، دودھ اور روزمرہ اشیاء پر جی ایس ٹی واپس لے، بزنس مین اور دکاندار اپنی اشیاء کی قیمتیں جی ایس ٹی کے کھاتے میں ڈال کر سرخرو ہو جاتے ہیں جبکہ تنخواہ دار طبقہ خود اپنی تنخواہ نہیں بڑھا سکتا، ایسے طبقے کا خیال حکومت کو رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جس سے عام اور غریب آدمی کو فائدہ پہنچے۔
شجاعت 

ای پیپر دی نیشن