جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تونسہ کیمپ آفس 3 سیکرٹریز شہریوں کے مسائل حل کرتے رہے 

ملتان(نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تونسہ شریف میں قائم  کیمپ آفس کے پہلے دن عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے امڈ آئے اور کیمپ آفس میں کھلی کچہری کا سماں بندھ گیا۔ جنوبی پنجاب کے  سیکرٹری ہاوسنگ جاویداخترمحمود، سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل اور سیکرٹری انہار عامرخٹک نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان  کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔سیکرٹری ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ جاوید اخترمحمود نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا تونسہ شریف میں کیمپ آفس قائم کیا گیا ہے جس سے تونسہ شریف اور کوہ سلیمان کے دور دراز ایریا کے لوگوں کے مسائل حل ہونگے۔اوپن ڈور پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تونسہ شریف کیمپ آفس میں پیر سے جمعہ تک روزانہ سیکرٹریز موجود ہونگے۔سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب عامر خٹک نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کی مانیٹرنگ سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ  تونسہ،ڈی جی خان اور کوہ سلیمان میں   محکمہ انہار کے منصوبوں پر کام جاری ہے،کیمپ آفس کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ میں مزید بہتری آئے گی۔عامر خٹک نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو کیمپ آفس کی روزانہ رپورٹ ارسال کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن