جنرل ندیم کا دورہ عمان، نائب وزیراعظم، عسکری حکام سے ملاقاتیں

Feb 11, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے عمان کے سرکاری دورے کے دوران عمان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے عمان کے نائب وزیراعظم برائے دفاعی امور شہاب بن طارق بن تیمور السید، شاہی دفتر کے وزیر  جنرل سلطان بن محمد النعمانی، سلطان آف عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل عبداللہ بن خامس الرئیسی، رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی اور عمان کی رائل ایئر فورس کے کمانڈر ایئر وائس مارشل خامس حماد الغفری سے ملاقاتیں کیں۔ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں، دوطرفہ تعاون بشمول سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول بالخصوص افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار بڑھانے اور گہرے سٹرٹیجک تعلقات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اور عمان دو برادر اسلامی ممالک ہیں جو دوطرفہ دفاعی تعلقات کو وسیع اور گہرا کرنے میں تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ عمان کے معززین نے عمانی مسلح افواج کی استعداد کار میں اضافے میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ قبل ازیں مسکر المرتضیٰ کیمپ پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جنرل ندیم

مزیدخبریں