طالبعلموں کومحکمہ قانون میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کئے جائینگے:ڈاکٹر ربابہ خان 

Feb 11, 2022

کوئٹہ(اے پی پی )پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قانون پڑھنے والے طالب علموں کو پیشہ ورانہ امور سے عملی واقفیت اوراستعداد کار میں اضافے کے لیے محکمہ قانون میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اس مقصد کے لئے آئندہ سال کی ایس این ای میں تجاویز بھیجی جائیں گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سیکرٹری قانون ڈاکٹر محمد اکبر حریفال سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری قانون شجاع حسین کھوسہ بھی موجود تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور نے کہا کہ بلوچستان کے لاء کالجز سے ہر سال سینکڑوں طلبہ فارغ ہوتے ہیں تاہم ڈرافٹنگ سمیت قانون سے متعلق دفتری امور سے متعلق عدم واقفیت کے باعث وہ کئی سال تک اپنی صلاحیتوں کو متعلقہ سمت پر گامزن نہیں کرپاتے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ لاء  کے طالب علموں کو انٹرن شپ پر قانونی امور سے متعلق عملی واقفیت دی جائے تاکہ انہیں محکمہ قانون کے تجربہ کار افسران کے زیر سایہ کام کرنے کا موقع ملے اور آگے جاکر یہ جوان بہتر طور پر اپنی فیلڈ میں خدمات سر انجام دے سکیں ، پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے محکمہ قانون میں اصلاحات اور متحرک اقدامات پر سیکرٹری لاء ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد اکبر حریفال کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں