لاہور(اسپورٹس رپورٹر)کرکٹ کے لٹل فین اور پی ایس ایل کے دیوانہ حمزہ فراز کی خواہش بالآخر پوری ہو گئی، انہیں لاہور میں پی ایس ایل دیکھنے کا موقع مل گیا۔پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل 7کی فرنچائز پشاور زلمی نے کرکٹ کے لٹل فین حمزہ فراز کو پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے میں لاہور میں میچ دیکھنے کے لئے مدعو کر لیا ہے۔حمزہ فراز نے کراچی میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لئے اپنا ایک وڈیو بیان سوشل میڈیا پر دیا تھا جو وائرل ہو گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین رمیز راجہ نے حمزہ فراز کی وڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا ایک وڈیو بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے حمزہ فراز کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ 12سال سے کم عمر بچوں کو پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کی اجازت مل جائے۔رمیز راجہ نے حمزہ فراز کو اپنے وڈیو بیان میں کہا تھا کہ وہ آپ کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور این سی او سی سے بات کریں گے۔