’جادوکی حقیقت ‘: ایک اہم کتاب

 برصغیر میں جادو (Magic ) کا وجود ہمیشہ سے لوگوںکی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قدیم ادوار میں اکثر بیرونی لوگ برصغیر کو جادو نگری سمجھتے رہے ہیں۔ بنگال کا کالا جادو تو پوری دنیا میں آج بھی اپنا ایک امتیازی مقام رکھتا ہے ۔چونکہ پاکستان بھی ہندوستان کاحصہ رہاہے اس لئے یہاں جادوکی تمام اقسام پائی جاتی ہیں ۔یہ جادو پہلے زیادہ تر غیر مسلم طبقہ تک ہی محدود تھا لیکن آج جادو کی وبا مسلم طبقہ میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہے ۔ ہر روز مسلم گھرانوں میں کوئی نیا واقعہ ہوتا اورسننے میں آتا ہے۔ باہمی رشتے داریاں اعتماد اور قربت کی بجائے نفرت ، بغض اورعداوت میں بدلتی جارہی ہیں ۔ کوئی جادو کے زور پر کسی کا کاروبار بگاڑنے اور باندھنے کے در پے ہے تو کوئی باپ کو بیٹے سے متنفر کرنے کے لیے کوشاں ، کوئی شوہر اور بیوی کے درمیان اختلافا ت پیدا کرنے کی فکر میں ہے ، تو کوئی خاندانی تنازعات کو بھڑکانے میں مصروف ہے اور ان تمام کاموں کو سر انجام دینے کے لیے شیطان نما عاملوں او رجادو گروں کی خدمات لینے میں قطعاََ کوئی تر دد نہیں کیاجاتا۔ ہمارے ملک میں بے حددکھ بھری اور افسوسناک صورتحال دیکھنے میں آئی ہے۔ تہذیب و تمدن اوراخلاقیات سے عاری ننگ دھڑنگ، بے عمل اور بے دین لوگوں نے جگہ جگہ سادہ ، معصوم اور ضعیف العقیدہ لوگوں کو لوٹنے اور ان کے خون پسینے کی کمائی اینٹھنے کے لیے پھندے لگا رکھے ہیں ۔ لوگوں کو ان پھندوں میں پھنساکر نہ صرف ان کی جیبیں مختلف حیلوں بہانوں سے خالی کروائی جاتی ہیں بلکہ ان کی بہو بیٹیوں کی عصمت دری بھی کی جاتی ہے ۔ 
ان حالات میں ایسی کتاب کی اشدضرورت تھی جو مسلمان گھرانوں کو جادو گروں، کا ہنوں اور جنات و شیاطین کے شرسے محفوظ فرمائے اورمعصوم لوگوں کو دھوکہ بازوں اور شعبدہ بازوں کے چنگل میں بھی پھنسنے سے بچائے۔زیرنظرکتاب ’’جنوں اورشیطانوں کی دنیا،جادوکی حقیقت ،خطرات ،احتیاطی تدابیراورعلاج کتاب وسنت کی روشنی میں ‘‘ کے مصنف غازی عزیز مبارک پوری ہیں ان کاتعلق سرزمین ہندوستان سے ہے ۔انہوں نے زیرنظرکتاب عربی زبان میں لکھی تھی ۔کتاب مذکورہ کی عوام و خواص میں مقبولیت کا اندازہ اس امر سے کیا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب تقریباََ تمام عرب، بالخصوص خلیجی ، ممالک کے طول و عرض میں بکثرت تقسیم ہوئی اور صرف چار ماہ کی قلیل مدت میں اس کا پہلا ایڈیشن ختم ہو گیا۔ عربی زبان میں کتاب کی اشاعت و تقسیم اور پذیر ائی کے بعد سے متعدد حلقوں کی طرف سے مسلسل اصرار تھا کہ اس کتاب کا اردو اورانگریزی زبانوں میں بھی ترجمہ کیاجائے تاکہ اردوداں طبقہ بھی اس سے مستفیدہوسکے ۔ بر صغیر کے مخصوص حالات کے پیش نظر جنوں اور شیاطین کے احوال و خطرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق دیگر تفصیلات اردو ترجمہ میں مناسب مقامات پر درج کر دی گئی ہیں۔ اس طرح زیر مطالعہ اس کتاب کی افادیت اصل عربی کتاب کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ 
پیش نظر کتاب کے مضامین کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے : پہلا باب جادو کی حقیقت ، اس کا حکم اور اس کے خطرات پر مشتمل ہے ، دوسرا باب : جنوں اور شیاطین کے احوال اور خطرات کے تعارف سے متعلق ہے ، تیسرے باب : میں جنوں اور شیطانوں سے مقابلہ کے لیے مومنین کے ہتھیار اور بعض احتیاطی تدابیر بیان کی گئی ہیں ، چوتھا باب: جنوں کی آسیب زدگی اور جادو سے خلاصی ، بعض دیگر احتیاطی تدابیر اور ان عوارض کے علاج سے متعلق ہے اور پانچویں باب میں بر صغیر میں رائج جادو وغیرہ سے احتیاط اور علاج کے بعض غیر شرعی طریقوں پر بحث کی گئی ہے ۔کتاب کی تربیت میں واقعات اورحادیث کی صحت کا بھی خصوصی لحاظ رکھا گیا ہے ۔اس قابل قدر کتاب میں مولانا عزیز مبارکپوری نے جادو ‘ کہانت اور علمِ نجوم کی حرمت نیز اسلام میں ایسے افعال کے مرتکبین کے بارے میں قرآن و سنت کی روشنی میں احکامات پر بڑی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے ۔ ایک مسلمان گھرانہ جنوںکی آسیب زدگی اور جادو کے اثرات سے کیسے محفوظ رہ سکتا ہے ؟ رشتے داریوں کوٹوٹنے بکھرنے سے کیسے بچایا جاسکتاہے ؟فاضل مئو لف نے قرآن وحدیث کی روشنی میں ان تمام مسائل کے حل بتلانے کے ساتھ ساتھ بر صغیر میں رائج جادو اور آسیب وغیرہ سے بچائو اور علاج کے بعض غیر شرعی طریقے بتلا کر نا م نہاد فقیروں پیروں اور شعبدہ بازوں کی حقیقت سے بھی پردہ اٹھایاہے۔ کتاب میںکم و بیش 180عناوین قائم کر کے ان تمام سوالات کے جوابات دیے گئے ہیں جو اس تعلق سے بالعوم ذہنوں میں پیدا ہوتے ہیں۔رشتے داریوں کوجوڑنے ،گھروں اورکاروبار کو تباہی سے بچانے ،کالے پیلے عاملوں کے چنگل سے بچانے والی یہ لاجواب کتاب دینی کتابوں کی اشاعت کے عالمی ادارہ ’’دارالسلام ‘‘ نے شائع کی ہے ۔392 صفحات پرمشتمل کتاب کی قیمت 420روپے ہے۔یہ کتاب پاکستان میں دارالسلام کے تمام سٹاکسٹ کے علاوہ لاہورلوئرمال روڈ نزدسیکرٹریٹ سٹاپ سے طلب کی جاسکتی ہے۔ ان شاء اللہ یہ کتاب بہت سے گھرانوں کوتباہ ہونے ، شعبدہ بازوں کی دسیسہ گریوں اور لٹیروں کی لوٹ مار سے بچانے میں ممدو معاون ثابت ہوگی۔
٭…٭…٭

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...