مکتوب عمان
مروت احمد
عمانی تجارتی وفد پاکستان میں مثالی کامیابیوں سے ہمکنار ہوا
پاکستان کا حالیہ کامیاب اور مثالی دورہ کرنے والے اعلیٰ سطحی عمانی تجارتی وفد کے پاکستانی رکن، صنعتکار اور الکرم پیپر ملز کے چیئرمین، چوہدری محمد اسلم نے عمان واپسی پر بتایا کہ وفد کے سربراہ، عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین، انجینیئر رضا جمعہ آل صالح اور عمان میں سفیر پاکستان، احسن وگن کی مشترکہ مدبرانہ اور انتھک کاوشوں کی بدولت عمانی تجارتی وفد پاکستان میں شاندار اور مثالی کامیابیوں سے ہمکنار ہوا ہے۔ چنانچہ مذکورہ بالا دونوں شخصیات کو اس ضمن میں جس قدر بھی خراج تحسین پیش کیا جائے، کم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے وزیراعظم، صدر، چیئرمین سینٹ، وزیر خارجہ، سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں، ایوان ہائے صنعت و تجارت اور ان کی فیڈریشن کے عہدیداروں اور بڑے پیمانے پر کاروبار کے مالکان نے کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں عمانی تجارتی وفد کے ارکان کا جس خوشدلی، گرمجوشی، اپنائیت اور تکریم سے والہانہ خیر مقدم کیا اور ان سے ملاقاتوں میں بڑھ چڑھ کر گہری دلچسپی لی، وفد کے اعزاز میں الکرم پیپر ملز کی جانب سے لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ عشائیے میں وفد کے سربراہ انجینیئر رضا جمعہ آل صالح کا خطاب اس کا نہایت خوشگوار ردعمل تھا۔ چوہدری محمد اسلم کے خیال میں پاکستان کے اعلیٰ حکام اور اہم ترین تجاری اداروں کی طرف سے عمانی مہمانوں کی اس پرخلوص آو بھگت، بے پایاں قدر افزائی اور ان سے پرعزم گفتگو نے ان کے دل جیت لئے ہیں اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ اہم تجارتی دورہ عمان۔ پاک تجارتی و اقتصادی تعلقات کو پائیدار استحکام بخشے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عشائیے کے مہمان خصوصی، عوام دوست، ہر دلعزیز اور پاکستانی تارکین وطن کے دلوں میں بسنے والے گورنر پنجاب، چوہدری محمد سرور نے اپنی تقریر میں عمانی بزنس کمیونٹی کو باہمی تجارت کے فروغ کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے تقریب میں نوجوان صنعتکار چوہدری محمد شہزاد اسلم کے یہ خیرمقدمی کلمات دہرائے کہ عمانی تجارتی وفد کی میزبانی الکرم پیپر ملز کے لئے افتخار و انسباط کا درجہ رکھتی ہے۔ چوہدری محمد اسلم نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ان کے استقبالیہ عشائیے میں بلند رتبہ حکومتی شخصیات اور نامور سیاستدانوں سمیت نمایاں اہمیت اور شہرت کے حامل صنعتکاروں اور تاجروں نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی. جنہیں عمانی تجارتی وفد کے ارکان سے باہمی تبادلہ خیالات کے مفید مواقع بھی میسر آئے، جو دونوں برادر ملکوں کے مابین مزید قربت کا موجب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عشایئے میں ملک احمد علی، ڈاکٹر طارق حبیب، شیخ احمد ریحان، زاہد عتیق اور وفد کے رکن، ممتاز دانشور امیر حمزہ نے دلپذیر تقاریر کے ذریعے اور وفد کے رکن، معروف شاعر قمر ریاض نے پاکستان اور عمان سے اپنی محبت سے عبارت خوبصورت اشعار سنا کر اس کی توقیر بڑھائی۔
چوہدری محمد اسلم نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مہمان خصوصی اور عمانی تجارتی وفد کے ارکان کو اپنے ادارے کی جانب سے یادگاری نشانات پیش کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے عمانی تجارتی وفد کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی پرتکلف میزبانی کی شکریے کے ساتھ ستائش کی اور انہیں بھی عمانی اعزازی شیلڈ دی۔ انہوں نے عشائیےکی استقبالیہ ٹیم میں اپنے ساتھ ڈاکٹر حبیب اللہ، چوہدری محمد نصراللہ، چوہدری محمد ارشد، چوہدری فرحان اشرف، چوہدری خلفان یوسف، چوہدری محمد شہزاد اسلم، چوہدری محمد فہد اسلم، ڈاکٹر طارق حبیب، سید طارق حسین شاہ اور چوہدری افتخار احمد سندھو کی موجودگی اور اس میں بلند رتبہ بزرگ شخصیت چوہدری محمد منشا گوپیرا، سرکردہ صنعتکار اور سینیئر سیاستدان جہانگیرترین، پنجاب کے صوبائی وزیر، میاں خالد محمود، وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی، پیر سید رفاقت علی گیلانی، ممتاز ادبی شخصیت اور سابق سفیر عطاالحق قاسمی اور معروف عمانی بزنسمین میاں محمد ریاض کی شرکت کا بھی تذکرہ کیا۔