لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی سہولت اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مزید آسان بنانے کیلئے صوبے کے بڑے شہروں میں لائسنس ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار میں اضافے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چیف ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ پیر13فروری سے ان شہروں میں لائسنسنگ ٹیسٹ سنٹرز ڈبل شفٹ یعنی صبح آٹھ سے رات بارہ بجے تک اوپن رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے لاہور میں لبرٹی ٹریفک لائسنس سنٹر کو بھی 24/7فعال کرنے کا حکم دیا جو پیر 20 فروری سے چوبیس گھنٹے شہریوں کو بلا تعطل خدمات فراہم کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق 2022 میں صوبے کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں مجموعی طور پر 653106 شہریوں نے لرنرز لائسنس بنوائے جبکہ وسائل کی کمی کے باعث صرف 155404 شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکے تھے اس کمی کو دور کرنے کیلئے ڈرائیونگ ٹیسٹ سنٹرز کے اوقات کار کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کے عمل کو آسان ترین بنانے کیلئے جدید ایپ کو تیارکرکے جلد از جلد لانچ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کیلئے ٹریفک چالان کوٹے کی شرط ختم کردی، انہوں نے کہاکہ دوران ڈیوٹی شہریوں سے خوشگوار رویہ اور ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے میں وارڈنز کی مہارت ہی انکی کارکردگی جانچنے کا معیار ہو گی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ٹریفک موبائل ٹیموں کے وزٹس کا ہفتہ وار شیڈول باقاعدگی سے جاری کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں لائسنس بنوا سکیں۔
صوبہ بھر میں لائسنسنگ سنٹرز کے اوقات کار بڑھانے کا حکم
Feb 11, 2023