اسلام آباد(نا مہ نگار)ترکیہ و شام زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بعد از نماز جمعہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔غائبانہ نماز جنازہ میں ترک سفیر مہمت پاشا سمیت اسلامی ممالک کے سفارتکار، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی، جامعہ کے نائب صدور، معروف سماجی شخصیات شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر زلزلے میں شہید ہونے والے ترک اور شامی مسلمانوں کے لیے دعاے مغفرت کی جبکہ اتحاد امت کے لیے بھی دعاکی گئی۔اس موقع پر ترکیہ کے سفیر مہمت پاشا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پاکستان کے صدر،وزیراعظم دیگر حکومتی عہدیداروں اور پوری پاکستانی قوم نے ہمارے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اس پر شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ترکی میں امدادی کارروائیاں مثالی ہیں،آج بھی پاکستان کی جانب امدادی سامان ترکیہ بھیجا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قدرتی آفت کے بعد اسلامی ممالک کا ہمارے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا جزبہ قابل ستائش ہے۔ ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان نے زلزے کے پہلے دن ہی سے امداد فراہم کرنا شروع کر دی تھی۔