ملکی حالات بہتر ہونے کی صورت میں الیکشن ہونگے:رانا تنویر حسین 

Feb 11, 2023

 فیروزوالہ( نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی حالات بہتر ہونے کی صورت میں الیکشن ہوں گے۔ حالات خراب ہوئے تو الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں۔ ابھی تک کی صورت حال میں الیکشن90 دن میں ہونے ہیں۔ عمران خان آرام سے بیٹھیں چار پانچ ماہ انتظار کریں۔ دیکھتے ہیں کہ یہ کیسے جیل بھرو تحریک شروع کرتے ہیں انہیں ڈر تھا کہ مار پڑے گی اس لیے یہ اسلام آباد نہیں گئے۔ عمران خان کی جیل بھرو تحریک ملک میں انتشار اور انارکی پھیلانے کی سازش ہے یہ ملکی حالات خراب کرنا چاہتے ہیں پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں معیشت کو تباہ اور ملک کو دیوالیہ کیا اب وفاقی حکومت ملک و قوم کو خوشحال کرنے اور ترقی و استحکام کی خاطر جدوجہد کررہی ہے جو پی ٹی آئی کیلئے قابل قبول نہیں ان کی حب الوطنی و عوام دوستی کا پول کھل چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی رانا افضال حسین، پیر محمد اشرف ، میاں عبدالرؤف، چودھری افتخار احمد بھنگو، محمود اختر گورایہ ، حاجی طارق محمود ڈوگر کے علاوہ دیگر ارکان بھی موجود تھے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز لیگ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس نے ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی تاریخ رقم کی اور اب بھی ملکی استحکام و ترقی کی خاطر برسر پیکار ہے ملک کو معاشی دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے جو کردار نواز لیگ کی قیادت نے ادا کیا اسے جتنا سراہا جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور کلین سویپ کرے گی۔

مزیدخبریں