3 روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول الحمرا آرٹس کونسل شروع ،صوبائی وزیرتعلیم نے افتتاح کیا

Feb 11, 2023

لاہور( کلچرل رپورٹر ) آرٹس کونسل کراچی کا 3 روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا آغاز گزشتہ روز دوپہر الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں شروع ہو گیا جو کل رات تک جاری رہے گا۔ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار شاہ نے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ جب کہ انور مقصود، افتخار عارف، نیئرعلی دادا، کامران لاشاری، جسٹس (ر) ناصرہ اقبال، کشور ناہید، ظفر مسعود، میاں فقیر اعجاز الدین، فتح محمد ملک، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی رضی احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ الحمراء کا ہال نمبر1 میں جگہ نہ ہونے کے باعث ہزاروں افراد نے باہر اسکرین پر افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے قبل لاہور شہر کی بڑی سڑکوں اور چوراہوں پر بینرز اور پوسٹر آویزاں کیے گئے۔ الحمراء آرٹس کونسل کو جھنڈیوں، پوسٹروں اور بینرز سے سجایا گیا جبکہ کتابوں کے سٹال بھی لگائے گئے۔ فیسٹیول کیلئے پہلے روز تقریباً 10 ہزاروں افراد نے الحمراء کا دورہ کیا جن میں اکثریت نوجوانوں کی تھی جنہوں نے انور مقصود   اور احمد شاہ کا پرجوش استقبال کیا۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ کے خطاب کے دوران نوجوانوں نے بار بار تالیاں بجاکر ان کا خیرمقدم کیا جن کی تقریر انڈس ویلی کی ثقافت اور پنجاب کے صوفیائے کرام کے تذکرہ پر تھی۔ اجلاس سے قبل امجد اسلام امجد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جنہوں نے اس فیسٹیول میں شامل ہونا تھا لیکن آج صبح اچانک ان کا انتقال ہوگیا۔ امجد اسلام امجد کی خالی کرسی پر ان کی تصویر رکھی گئی۔سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم وثقافت سید سردار علی شاہ نے اپنے خطاب کا آغاز امجد اسلام امجد کے شعر سے کیا اور کہا کہ وہ دور ہو کر بھی ہم سے دور نہیں ہو سکتے۔ احمد شاہ کی قیادت میں سندھ سے ساڑھے 4 ہزار سال پرانی فقیر میاں امیر کی روایت لے کر آئے ہیں۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے خطبہ استقبالہ میں کہاکہ جس قوم کی ثقافت مر جاتی ہے وہ قوم زندہ نہیں رہ سکتی۔

مزیدخبریں