لاہور (نمائندہ خصوصی+خبرنگار ) شوکت خانم ہسپتال کے قریب روڈ پر اچانک شگاف پڑگیا۔ 20 فٹ چوڑے اور 15 فٹ گہرے شگاف کے باعث ٹریفک کا نظام دن بھر درہم برہم رہا۔ رات گئے شگاف میں کار گرنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق شادیوال چوک سے شوکت خانم ہسپتال کی طرف مین شاہراہ پر اچانک بڑا شگاف پڑ گیا۔ گاڑی کے اندر تین افراد سوار تھے تینوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ جن میں ایک خاتون، ایک بچہ اور ایک مرد شامل تھا۔ تینوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شگاف کے باعث شوکت خانم روڈ کو ایک طرف سے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروزکے حکم پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔ سڑک پر پڑے شگاف کو پر کروانے کیلئے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔خبرنگار کے مطابق سڑک کے درمیان شگاف پڑنے پر ڈی سی لاہور رات گئے موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے رات گئے ہی ایل ڈی اے، ٹیپا اور واسا کی ٹیموں کو طلب کیا اور فوری طور پر شگاف کو پر کرنے کیلئے کام شروع کرایا۔ رافعہ حیدر نے کہا کہ عوام الناس کی آسانی اور ٹریفک کی فوری بحالی کے لیے مرمتی کام شروع کروا دیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کو مرمتی کام کے مکمل ہونے تک مانیٹرنگ سٹاک سونپ دیا گیا ہے۔
شوکت خانم ہسپتال کے قریب اچانک روڈ میں شگاف‘ کار گرنے سے 3 زخمی
Feb 11, 2023