نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) گوجرانوالہ کے نواحی گائوں تتلے عالی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران جیب تراش کے ساتھیوں نے فائرنگ کرکے میرج ہال کے مالک رانا فیصل سمیت 2 افراد کو جاں بحق کردیا۔ فائرنگ سے بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں مقتول رانا فیصل کے بھائی رانا قیصر سمیت 3 افراد کی حالت نازک ہے۔ زخمیوں میں حمزہ انصاری اور رانا قیصر کی حالت انتہائی تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق میرج ہال میں بارات کی آمد پر میرج ہال مالکان نے ایک جیب تراش کو پکڑا تو اس نے اپنے ساتھیوں کو فون کرکے بلالیا۔ جیب تراش کے ساتھیوں الیاس اور سلطان وغیرہ نے آتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے میرج ہال کا مالک رانا فیصل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکے بھائی رانا قیصر کے علاوہ باراتیوں میں بارہ سالہ حمزہ، عدیل وغیرہ سات افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ رانا قیصر کو انتہائی نازک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ بارہ سالہ حمزہ انصاری گوجرانوالہ میں خالق حقیقی سے جا ملا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سید زاہد حسین شاہ موقع پر پہنچے اور تعاقب کرکے ملزمان سلطان‘ الیاس اور شہزاد ساکنان بھدے کو گرفتار کر لیا۔