تدریسی و غیرتدریسی ملازمین  پر اعلی حکام سے رابطوں،میل ملاقاتوں پر پابندی 


 اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)وفاقی نظامت تعلیمات نے تدریسی و غیرتدریسی ملازمین کو اعلی حکام سے رابطہ کرنے اور میل ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔’’نوائے وقت‘‘کے پاس دستیاب ڈائریکٹر ایڈمن جاوید اقبال مرزا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ ایف ڈی ای میں کام کرنے والی تدریسی و غیرتدریسی ملازمین کے بارے میں یہ معلوم ہواہے کہ وہ متعلقہ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر براہ راست اعلی حکام سے رابطہ کرتے ہیں اور میل ملاقاتیں کرتے ہیں اور پراپر چینل کو استعمال نہیں کرتے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ملازمین بغیراجازت اعلی حکام کو اپیلیں اور درخواستیں دی جاتی ہیں جن کی ایف ڈی ای سے اجازت نہیں لی جاتی۔کام کے اوقات میں وزارت تعلیم کے دفاتر کے دورے اور وہاں حکام سے ملاقاتیں کی جاتی ہیں۔پروموشن، ٹرانسفر، چھٹیوں کی منظوری،ترقیوں وغیرہ کے حوالے سے سفارشیں کرائی جاتی ہیں اور سرکاری ملازمین کے قواعد سے روگردانی کی جاتی ہے۔سیاسی اثررسوخ استعمال کرایا جاتاہے۔مجاز اتھارٹی نے اس پریکٹس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے نوٹس لیا ہے اور اپنے سٹاف کو سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایسے غیرقانونی اقدامات سے گریزکریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن