وزیر اوقاف سید اظفر علی ناصر کا دورہ قصور، دربار بابا بلھے شاہؒ پر حاضری 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے گزشتہ روز قصور کا دورہ کیا اور پنجابی کے صوفی شاعر بابا بلھے شاہؒ کے دربار پر حاضری دی۔ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او طارق عزیز اور دیگر بھی موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر نے دربار بلھے شاہؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر برادر اسلامی ممالی ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین اور سانحہ پشاور کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرائی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو دربار پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ترقیاتی سکیم بروقت مکمل اور بابا بلھے شاہؒ لائبریری تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل دربار میں لنگر خانے کو مکمل فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دربار بلھے شاہؒ سے ملحقہ جنازہ گاہ میں وضو کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ جامع مسجد بابا بلھے شاہ میں تصوف کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ صوفیائے کرام کی کاوشوں سے برصغیر میں اسلام کی کرنیں پھیلیں۔ پاکستان میں حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے بزرگان اسلام کی تعلیمات سے رہنمائی کی ازحد ضرورت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن