ڈپٹی کمشنر مٹیاری کے احکامات، تجاوزات مہم شروع 

Feb 11, 2023


بھٹ شاہ( عبدالقیوم راجپوت )ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر کے احکامات پر مٹیاری، ہالا اور سعیدآباد سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر انسداد تجاوزات مہم جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے شہروں میں دکانوں کے سامنے سڑک پر ٹھیلے ، چنگچی رکشہ، بلا ضرورت لوڈر گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کو بھی وارننگ جاری کردی گئی ہے. ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے میونسپل اور ٹائون انتظامیہ کو نکاسی آب کے نالوں اور گلیون کی صفائی کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں. ڈی سی سیکرٹریٹ مٹیاری میں مختلف محکموں کے افسران سے الگ الگ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری سید جواد مظفر نے تمام محکموں بشمول پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلڈنگس، بلدیاتی اداروں کو سروس ڈلیوری بہتر کرکے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا کے بارشوں کے باعث ضلع بھر کے انفراسٹرکچر بالخصوص سڑکوں، اسکول کی عمارتوں کو  نقصان پہنچا ہے جن کی تعمیر نو اور مرمت کی اشد ضرورت ہے، سندھ حکومت کی وضع کردہ پالیسی کے مطابق مطلوبہ فنڈز جاری ہوتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منظور لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید جنید احمد شاہ، اسٹنٹ کمشنر مٹیاری عدیل احمد سوہو، اسٹنٹ انجینئر بلڈنگس کامران کھیبر، اسٹنٹ انجینئر پبلک ہیلتھ وحید ارباب و دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں