نواب شاہ (بیورو رپورٹ )کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن عبدالعلیم لاشاری کی زیر صدارت ڈویژنل اوور سائٹ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کا ایک اجلاس کمشنر آفیس کے کمیٹی روم منعقد ہوا اس موقع پر کمشنر عبدالعلیم لاشاری نے محکمہ ورکس و سروسز اور ہائے ویز ڈویژن سانگھڑ کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع سانگھڑ میں بارشوں کے باعث سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات کی مکمل سروے اورآنے والی لاگت کے متعلق رپورٹ پیش کی جائے تاکہ فنڈز کا جائزہ لیکر منصوبوں کی منظوری دی جاسکے کیونکہ سڑکوں کی دوبارہ تعمیر و مرمت کے بعد عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جو ہماری اولین ترجیح ہے، اس موقع پر ایس ای ورکس اینڈ سروسز سانگھڑ محمد سروراور زید احمد جونیجو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باعث ضلع سانگھڑ کی تمام سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سفرمیں دشواری کا سامنہ ہے انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع سانگھڑ کے کل 297.86 (کلومیٹر) سڑکوں سے 296.56 ( کلومیٹر) سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے جس کی دوبارہ تعمیر و مرمت کے لئے 3596.300 ملین روپے کی لاگت سے ضلع کی 145 روڈز اسکیمیں ترتیب دی گئی ہیں جیسے ہی فنڈز ریلیز کئے جائیں گے تو کام شروع کیا جائیگا اس موقع پر کمشنر نے محکمہ پبلک ہیلتھ شہید بینظیرآباد کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ کے قریب نیازی خان سیال میں ڈرینیج اسکیم کے متعلق حتمی پروپوزل بنا کر محکمہ پلاننگ و ڈیولپمنٹ کو ارسال کیا جائے رپورٹ آنے کے بعد منصوبے کی منظوری دیکر کام شروع کرایا جاسکے اس موقع پر محکمہ پبلک ہیلتھ شہید بینظیرآباد کے افسران نے نیازی خان سیال میں ڈرینیج کے کام اور درپیش مسائل کے متعلق اجلاس کو آگاہی دی ۔
سڑکوں کی مرمت جلد کی جائے گی ، عبدالعلیم لاشاری
Feb 11, 2023