کراچی ( اسٹاف رپورٹر )تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹول کے 14ویں ایڈیشن کا شاندار آغاز 17فروری کو مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ کراچی لٹریچرفیسٹول ( کے ایل ایف) کے آرگنائزر نے کے ایل ایف کے 14ویں ایڈیشن کی نمایاں خصوصیات کا اعلان کرنے کیلئے آرٹس کونسل کراچی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ادب، ثقافت اور فنون سے شغف رکھنے والوں کو اپنے پسندیدہ ادبی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات، ماہر تعلیم اور اسکالرز سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔رواں سال پینل بحث و مباحثہ اور کتابوں کی تقریب رونمائی کے ذریعے پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی اور علاقائی سیاسی چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس کے نتیجہ میں پاکستان میں آنے والا تباہ کن سیلاب اور ترکی اورشام میںحالیہ زلزلے اور امکانات کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور ممتاز مصنف نورالہدا شاہ جبکہ 2022 کیلئے بکر پرائز ونر شیہان کارونا تیلاکہ اورسینئر صحافی اور مصنف احمد رشیداختتامی تقریب سے خطاب کریں گے۔ آٹھ ممالک ( پاکستان، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، جرمنی اور فرانس) سے 10 عالمی مقررین سمیت 200 سے زائد مقررین خطاب کریں گے ۔فیسٹول میں خالد انعم، بی گل، صنم سعید، ثروت گیلانی اور بلال مقصود سمیت شوبز سے وابستہ شخصیات پر مبنی پینل بحث و مباحثہ بھی ہوگا۔ فیسٹول کے منتظمین برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن،برٹش کونسل، امریکی قونصلیٹ، لنکن کارنر، فرانسیسی سفارت خانہ، گوئتھی انسٹی ٹیوٹ، این بی پی فنڈز، یو بی ایل فنڈز، اینگرو، سویا سپریم، ٹپال،جیریز، دیوی اورہربیون کے کردار کو سراہتے ہیں۔
کراچی لٹریچر فیسٹول کا آغاز 17فروری سے ہو گا
Feb 11, 2023