اسلام آباد (وقائع نگار) عدالت عظمیٰ نے'' جنگلات کے تحفظ اور اہمیت'' سے متعلق ایک مقدمہ کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے آنکھ چرانا آئندہ نسلوں کیساتھ زیادتی ہوگی،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سات ستمبر 2022 کو کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کیا تھا ،جوکہ جمعہ کے روز سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کردیا۔19صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس فائز عیسیٰ نے قلمبند کیا جس میں عدالت نے قراردیاہے کہ کسی بھی ملک میںپانی کی قلت سے بچنے اور سیلاب سے بچائو کیلئے جنگلات انتہائی ضروری ہیں۔ عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کے پی کے حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے سوات کے ایک رہائشی کا جنگلات کی زمین پر ملکیت کا دعوی مسترد کر دیا ۔
پشاورہائیکورٹ کا فیصلہ مسترد،سپریم کورٹ نے جنگلات کی زمین پرملکیت کا دعویٰ خارج کردیا
Feb 11, 2023