راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے نے کشکول توڑ کر مٹکا اٹھا لیا ہے،آ ٹا مہنگا اور موت سستی ہے ،اشرافیہ کے علاوہ ہر فرد مہنگائی سے متاثر ہوا ہے ۔جماعت اسلامی عوامی مسائل اور مشکلات کی ترجمانی کے لئے مہنگائی مکائو مارچ کر رہی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں کاروان لاہور سے روانہ ہوا ہے۔ اتوار کی شام کو راولپنڈی پہنچیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ضلعی دفتر جماعت اسلامی سید مودودی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی ، نائب امیر سید عذیر حامد اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ مہنگائی کا عفریت ہر شخص کو ڈس رہا ہے، ڈاکے ،چوریاں اور خود کشیاں بڑھ رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ بد ترین معاشی بدحالی میں 83 رکنی کابینہ عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے، عوام اپنی بساط سے زیادہ قربانی دے چکے ، اب پی پی پی ، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آ ئی کی ٹرائیکا کو قربانی د ینا ہو گی۔