لاہور‘ اسلام آباد (کلچرل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد 78 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ ڈیفنس کی مسجد میں ادا کی گئی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ امجد اسلام امجد 4 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے (اردو) کیا، 1968 تا 1975 ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو میں استاد رہے اور اگست 1975 میں امجد اسلام امجد کو پنجاب آرٹ کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیاگیا۔ 90کی دہائی میں امجداسلام امجدکی خدمات دوبارہ محکمہ تعلیم کے سپرد کر دی گئیں اور وہ دوبارہ ایم اے او کالج میں ہی شعبہ تدریس سے منسلک ہو گئے۔ امجد اسلام امجد نے شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کی، ان کے مشہور ڈراموں میں وارث ،دن اور فشار شامل ہیں، امجداسلام امجد کا شعری مجموعہ برزخ اورجدیدعربی نظموں کے تراجم‘ افریقی شعراء کی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کے نام سے شائع ہوئیں۔ امجد اسلام امجد کو ستارہ امتیاز، صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی ایوارڈ سے نوازاگیا۔ انہوں نے ’اردو سائنس بورڈ‘ اور ’چلڈرن لائبریری کمپلیکس‘ سمیت متعدد سرکری اداروں میں سرکردہ عہدوں پر ذمے داریاں نبھائیں‘ ریڈیو پاسکتان سے بطور ڈرامہ نگار چند سال وابستہ رہنے کے بعد امجد اسلام امجد نے پی ٹی ویڈ کے لئے کی سیریلز لکھیں جن میں برزخ‘ عکس‘ ساتواں در‘ فشار‘ ذرا پھر سے کہنا (شعری مجموعے) وارث‘ دہلیز (ڈرامے) ‘ آنکھوں میں تیرے سپنے (گیت) ‘ شہر در شہر (سفر نامہ) پھر یوں ہوا‘ سمندر‘ رات‘ وقت‘ اپنے لوگ ‘ یہیں کہیں شامل ہیں۔ تنقیدی مضامین کی ایک کتاب ’تاثرات‘ بھی ان کی تصنیف کردہ ہے۔ انہیں پانچ مرتبہ ٹیلی ویژن کے بہترین رائٹر‘ 16 گریجویٹ ایوارڈ اور دیگر متعدد ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ امجد اسلام امجد کے انتقال پر وزیراعظم‘ صدر‘ مریم اورنگزیب‘ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر، چودھری پرویز الہی، مونس الہی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شا عر، ڈرامہ نگارامجد اسلام امجد انتقال کر گئے
Feb 11, 2023