کراچی: گھڑیوں میں منشیات چھپا کر بیرونِ ملک اسمگلنگ 

Feb 11, 2023


کراچی ( اسٹاف رپورٹر )اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کی گئی ایک کارروائی میں کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے ایک جوڑے کو گرفتار کیا ہے جس پر گھڑیوں میں منشیات چھپا کر بیرونِ ملک اسمگل کرنے کا الزام ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ملزم فرقان سعید صدیقی گھڑیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے میں ملوث ہے۔اطلاع ملتے ہی فیڈرل بی ایریا کے بلاک 10کے علاقے نصیر آباد میں واقع گھر میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران ملزم کے گھر سے 2گھڑیاں برآمد ہوئیں، جن میں چھپائی گئی 800گرام آئس قبضے میں لے لی گئی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کی رہائشی خاتون بھی اس گروہ میں ملوث ہے۔ملزم کی نشاندہی پر اس کی ساتھی ملزمہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کئی بار گھڑیوں میں منشیات چھپا کر گلف اور عرب ممالک اسمگل کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں