کراچی(کامرس رپورٹر)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ) اور پاکستان ا سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) نے ماربل اور گرینائٹ کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے تعاون کو بڑھانے کے مقصد کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ ٹڈاپ کے سیکرٹری ڈاکٹر فرید اقبال قریشی اور پاسڈیک کے سی ای او بابر معراج شامی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس شعبے کی رسائی کو بڑھانے کے لیے ہر سال مقامی اور بین الاقوامی تقریبات، نمائشیں، روڈ شو، سیمینارز، ورکشاپس اور ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کے بین الاقوامی وفود کا اہتمام کیا جائے گا۔پاکستان کے پاس رنگوں اور نمونوں کی وسیع رینج میں اعلیٰ معیار کے ماربل اور گرینائٹ کے بڑے ذخائر ہیں جن کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کافی عرصے سے اس شعبے کی برآمدات کے فروغ کے لیے اپنی حیثیت سے کام کر رہی ہے۔ دونوں اداروں کے ہاتھ ملانے کے بعد، توقع ہے کہ ان کی مشترکہ کوششیں اس شعبے کی ترقی کے لیے بالخصوص بین الاقوامی مارکیٹ میں ابھرتے ہوئے ماحول فراہم کریں گی۔
ٹڈاپ اور اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے مابین معاہدہ
`
Feb 11, 2023