کراچی ( کامرس رپورٹر) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ چین میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے چاول کی وسیع منڈی اور شاندار مارکیٹ موجود ہے لہٰذا پاکستان سے چین کو چاول کی برآمد بڑھاکر قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکتاہے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ چین اپنی ضرورت کا وسیع مقدار میں چاول مختلف ممالک سے درآمد کرتاہے جبکہ چین کو چاول برآمد کرنے والے ممالک میں ویتنام، پاکستان، تھائی لینڈ وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ چین کو 66.7 فیصد چاول ویتنام سے برآمد کیاجاتاہے جبکہ پاکستان چین کو چاول برآمد کرنیوالے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جو چین کو 25.2 فیصد چاول برآمد کرتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ چین تھائی لینڈ سے بھی 8فیصد چاول درآمد کررہاہے۔انہوں نے بتایاکہ چونکہ ویتنام اور تھائی لینڈ وغیرہ میں چاول کی پیداواری لاگت کم ہے اسلئے وہ زیادہ چاول برآمد کرنیوالے ممالک بن گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان میں چاول کی پیداواری لاگت کم کرنے اور برآمد بڑھانے کیلئے رائس ایکسپورٹرز اور رائس پروڈیوسرز کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو پاکستان اپنی برآمد کو کم از کم دو گنا کرسکتاہے ۔انہوں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سے بھی اپیل کی کہ وہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ پاکستان اپنے دوست ملک کو مزید بھاری مقدار میں چاول برآمد کرنے کے قابل ہو سکے۔