وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جائے، نیب نے چن چن کر بےگناہ لوگوں پرکیسز بنائے ہیں۔لاہور میں باب پاکستان کے افتتاح اور والٹن روڈ کی توسیع اور کشادگی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی مقام بھارت سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کی یاد دلاتا ہے، کروڑوں لوگوں نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں، ہزاروں مہاجرین نے باب پاکستان کے مقام پر قیام کیا تھا، باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو پاکستان کے قیام کی تاریخ بتائے گا، 1991میں نواز شریف نے باب پاکستان منصوبے پرکام شروع کیا تھا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جائے، اربوں کھربوں کے منصوبے دفن ہوچکے لیکن کسی نے کارروائی نہیں کی، یہ دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، اس منصوبے میں بھی اربوں کا غبن ہوچکا ہے، کیا نیب نے کسی کو طلب کیا؟ نیب نے چن چن کر بےگناہ لوگوں پرکیسز بنائے ہیں۔وزیراعظم سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ والٹن میں تاریخی یادگار کا خواب غلام حیدرو ائیں نے دیکھا تھا، مسلم لیگ ن کے ہر دور میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا، 24ارب کی لاگت سےمنصوبہ شروع ہوگا، سرکارکا ایک پیسا نہیں لگےگا۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نامکمل منصوبے پر 110 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، وزیراعظم نےفیصلہ کیا کہ باب پاکستان کی یادگار کے لیے درآمدی ماربل نہیں لگےگا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ یادگار پر پاکستان کا ماربل لگایا جائےگا، باب پاکستان کی یادگار پر عام آدمی کے لیےکھیل کی سہولتیں بھی ہوں گی۔