اسلام آباد (آئی این پی ) ایس ای سی پی نے ششماہی ریگولیشنز خلاف ورزیاں کرنے پر 1,849 مقدمات کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کارپوریٹ سیکٹر میں قوانین کی کمپلائنس اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں اور ڈائریکٹروں کے خلاف اقدامات لیے اور جرمانے عائد کیے ہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں کے 1,849مقدمات کا فیصلہ کیا۔ تقریبا 962 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ رواں مالی سال جولائی سے دسمبرکے دوران ایس ای سی پی نے عوام سے غیر قانونی طور پر ڈپازٹس اکٹھا کرنے کے خلاف 11کیسوں میں فیصلے جاری کیے۔ تقریبا 58 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ان کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کو پانچ سال تک نااہل قرار دیا گیا۔ کمپنیوں یا انڈر ٹیکنگز میں سرمایہ کاری کرنے پر لسٹڈ کمپنیوں کے خلاف 11 ریگولیٹری آڈرز کے ذریعے 17 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک اہم سیکٹر ڈیجیٹل لینڈنگ کا رہا۔ اس شعبہ میں سات کمپنیوں کو مجموعی 1 کروڑ 30 لاکھ جرمانہ کیا گیا۔ پہلی ششماہی کے دوران انشورنس کمپنیوں، تکافل آپریٹرز کے خلاف اکائونٹس کو برقرار رکھنے میں ناکامی، کریڈٹ اور ضمانت کی خلاف ورزی میں انشورنس گارنٹی کے سلسلے میں ضمانت کی ناکافی رقم، سالانہ نگرانی کی فیس کی عدم ادائیگی پر 8 مقدمات میں فیصلہ کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی، ششماہی ریگولیشنز خلاف ورزیاں، 1,849 مقدمات کا فیصلہ
Feb 11, 2024