اوکاڑہ + سرگودھا + ہارون آباد+گجرات (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) ضلع اوکاڑہ میں 4 قومی اور 8صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر انتخابات میں غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ (ن) امیدوار 3 قومی اور 8صوبائی اسمبلی کی نششتوں پر کامیاب ہو گئے۔ حلقہ این اے 135 میں ن لیگ کے امیدوار ندیم عباس ربیرہ ایک لاکھ 92 ہزار 218 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار محمد اکرم بھٹی ایک لاکھ 6700 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقہ کی 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ن لیگ کے ہی دونوں امیدوار غلام ربیرہ کھرل اور جاوید علاؤ الدین کامیاب ہوئے۔ حلق این اے 136 سے بھی ن لیگ کے امیدوار قومی اسمبلی ریاض الحق جج ایک لاکھ 27 ہزار 764 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ اس حلقہ کی 2 صوبائی اسمبلی کی سیثوں پر بھی ن لیگ کے دونوں امیدوار میاں محمد منیر اور میاں یاور حیات کامیاب ہوئے۔ حلقہ این اے 137 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سید علی رضا گیلانی ایک لاکھ 31 ہزار 925 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے اور ن لیگ کے امیدوار ایک لاکھ 5 ہزار 381 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقہ کی 2 صوبائی سیٹوں پر ن لیگ کے سید عاشق حسین شاہ اور علی عباس کھوکھر کامیاب ہوئے۔ حلقہ این اے 138 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں محمد معین وٹو ایک لاکھ 22 ہزار 678 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اس حلقہ کی 2 صوبائی سیٹوں پر بھی ن لیگ کے دونوں امیدوار نورا لامین وٹو اور افتخار حسین چھچھر کامیاب ہوئے۔ ضلع اوکاڑہ میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 8سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے واضح برتری حاصل کی جب کہ ایک قومی اسمبلی کی ایک سیٹ پر تحریک انصاف کے ازاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار حلقہ این اے 85 ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی 121001 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پا گئے جن کے مدمقابل پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار خداد کلیار 111135ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ ہارون آباد سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ محمد اعجاز الحق حلقہ این اے 163 سے رکن قومی اسمبلی اور صوبائی حلقہ پی پی 241 سے مسلم لیگ ضیاء کے چوہدری غلام مرتضیٰ ایم پی اے منتخب، دونوں نومنتخب ارکان اسمبلی کو تیسری بار بحیثیت ایم این اے اور ایم پی اے منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ این اے 163سے نومنتخب ایم این اے محمد اعجاز الحق نے 84312 ووٹ حاصل کئے‘ ان کے قریب ترین حریف آزاد امیدوار چوہدری شوکت محمود بسرا نے 75115 اور مسلم لیگ ن کے نورالحسن تنویر 72145 ووٹ لیے۔ پی پی 241 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ضیاء کے چوہدری غلام مرتضیٰ نے 58399 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر مظہر اقبال نے 35130 اور آزاد امیدوار چوہدری اعظم علی نے 28500 ووٹ لئے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق این اے 75 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار انوار الحق چوہدری 99789 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ آزاد امیدوار ڈاکٹر طاہر علی جاوید 75600 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ دانیال عزیز 50467 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ پی پی 55 سے ٹی ایل پی کے چوہدری محمود سنگراں 33566 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ دوسرے نمبر پر ارسلان حفیظ 24341 ووٹ لئے جبکہ ن لیگ کے امیدوار اکمل سرگالہ نے 21678 ووٹ لئے۔ پی پی 56 سے مسلم لیگ ن کے رانا منان خان 48889 لیکر کامیاب ہوئے۔ انہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ آزاد امیدوار علیم طارق نے 35687 ووٹ لئے، ٹی ایل پی کے مولانا غیاث الدین 10800 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق این اے 62سے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار الیاس چوہدری 97436ووٹ لیکر کامیاب ‘مسلم لیگ (ن) کے چوہدری عابد رضا 71154ووٹ لیکر دوسرے اور مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین کے بھتیجے چوہدری موسیٰ الٰہی 26797ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر آگئے جبکہ پی پی 28سے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار چوہدری شاہد رضا 48271ووٹ لیکر کامیاب مد مقابل سگے بھائی چوہری شبیر کوٹلہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 35268ووٹ لیکر دوسرے اورتحریک لبیک کے یاسر الطاف 10942ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے ۔