مقبوضہ کشمیر: مختلف علاقوں میں چھاپے، تلاشی کارروائیاں، مقبول بٹ کی برسی پر آج مکمل ہڑتال

Feb 11, 2024

سرینگر(کے پی آئی )بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں آج کئی مقامات پر گھروں پر چھاپے مارے۔ این آئی اے کی ٹیموں نے بھارتی پیرا ملٹری  اہلکاروں کے ہمراہ کولگام، سری نگر، بارہمولہ اور جموں اضلاع کے مختلف علاقوں میں جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔  ممتاز آزادی پسند کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 40ویں برسی پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج (اتوار کو)کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔بھارت نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میت جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دی تھی۔ بھارت نے کشمیریوں کے مسلسل مطالبے کے باوجود شہید رہنما کاجسد خاکی اسلامی طریقے سے تدفین کے لیے تاحال انکے اہلخانہ کو واپس نہیں کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں اور رہنماں نے محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدابھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اصل اثاثہ ہیں۔  مقبوضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی پولیس کی طرف کی جانے والی متنازعہ مردم شماری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں کشمیرکے رہائشیوں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سمیت دیگر ذاتی معلومات کے حصول کے لیے ایک جامع مردم شماری شروع کررکھی ہے۔ دوسری جانب گجراوربکروال برادری کی شدید مخالفت اور احتجاج کے باوجود بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق تین متنازعہ بلوں کو منظور کر لیا ہے،جن میں پہاڑی برادری کو شیڈول ٹرائبز کی فہرست میں شامل کرنا بھی شامل ہے ۔ راجیہ سبھا نے اس سے قبل مقبوضہ کشمیر سے متعلق تین بلوں کو بھی منظور کیاتھاجس میں دیگر پسماندہ طبقات کو بلدیاتی اداروں میں ریزرویشن دینے اور مقبوضہ علاقے میں شیڈول ٹرائبز اور دیگر قبائل کی فہرستوں میں ترمیم کرنا شامل ہے۔

مزیدخبریں