لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ فیصل آباد،گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک کیمروں کے ذریعے مانٹیرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز کے ہیڈ آفس میں اجلاس ہوا، جس میں عام انتخابات کے حوالے سے بہترین انتظامات اور موثر سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ کمیٹی امن وامان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پنجاب بھر میں پرامن ماحول میں لوگوں نے حق رائے دہی استعما ل کیا۔ پوری ٹیم نے شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث عام انتخابات کا اہم مرحلہ پرامن گزرا۔ بخیر و عافیت اور پرامن طریقے سے الیکشن کے انعقاد پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں۔ علاوہ ازیں لاہورکے شہریوں کیلئے شادمان (جیل روڈ) پر جدید ترین ’’آبشار‘‘ پولیس خدمت مرکز قائم کر دیا گیا۔ محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ آبشار خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔ ڈرائیونگ سیمولیٹر مشین میں بیٹھ کر ٹیسٹ ڈرائیو کی۔ خودکار مشین کا بھی مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے تھانہ ریس کورس کا دورہ کیا اور اپ گریڈڈ عمارت کا معائنہ کیا۔
پرامن ماحول میں عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا، ٹیم نے ذمہ داری نبھائی: محسن نقوی
Feb 11, 2024